ممبئی،25دسمبر(ایس او نیوز) رفیل ڈیل کو لے کر اپوزیشن کے حملے جھیل رہی مودی حکومت اب اپنوں کے بھی نشانے پر ہے۔ شیو سینا کے چیف اُدھو ٹھاکرے نے پیر کو اپنے پرانے اتحادی بی جے پی اور وزیراعظم نریندر مودی پر حملہ کرنے کے لئے 'چوکیدار چور ہے' کے نعرہ کا استعمال کیا. غور کرنے والی بات یہ ہے کہ کانگریس پارٹی نے رفیل سودے کے تعلق سے وزیر اعظم پر نشانہ سادھنے کے لئے یہی نعرہ استعمال کرتی رہی ہے۔
رام مندر کی تعمیر کو لے کر شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے نے پیر کو پنڈھر پور میں عام اجلاس منعقد کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی سرکار پر جم کر نشانہ لگایا۔ شیوسینا نے اس اجلاس میں 5 ملین شیو سینکوں کے جمع ہونے کا دعوی کیا ہے جس میں اُدھو ٹھاکرے نے کہا کہ ابھی حال ہی میں وزیر اعظم مہاراشٹر آئے اورکئی وعدے کئے۔ان میں ریاست کو 8 ہزار کروڑ دینے کی بھی بات کی لیکن اب تک ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔پنڈھر پور کا ذکر کرتے ہوئے ٹھاکرے نے کہا کہ ہمارے وزیر اعظم اکثر بیرون ملک کے دورے پر رہتے ہیں۔ بقول ٹھاکرے :’’وزیر اعظم ایک بار اس ’’پاون‘‘ جگہ پر آئیں تو ان کے سارے گناہ دھل جائیں گے۔ ٹھاکرے نے مزید کہا کہ مودی حکومت نے آرمی کے جوانوں کی تنخواہ نہیں بڑھائی لیکن را فیل جیسے بدعنوان سودے کرنے میں ذرا بھی ہچکچاہٹ نہیں کی ۔
واضح ہو کہ اس عمومی اجلاس کے لیے پنڈھر پور میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔رام مندر مسئلے پر بھی شیوسینا سربراہ نے وزیر اعظم کی سخت تنقید کی اور کہا کہ مرکزی حکومت رام مندر کے مسئلہ پر کمبھ کرن کی نیند سوئی ہے؛ لیکن عوام اس بار اسے جگا ئے گی۔ ادھو نے کہا کہ وہ جلد ہی وارانسی جائیں گے اور رام مندر کی تعمیر کی تحریک چلائیں گے ۔ حالیہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی ذلت آمیز شکست پر چٹکی لیتے ہوئے ٹھاکرے نے کہا کہ ریاستوں میں ہار اس بات کا اشارہ ہے کہ وہاں اب قومی پارٹیاں کام نہیں آئیں گی۔ مہاراشٹر میں قحط سالی کے مسئلے پر بھی ٹھاکرے نے وزیر اعظم کو گھیرا اور کہا کہ انہیں بیرون ملک گھومنے کی بجائے یہاں آنا چاہئے اور قحط سالی کے شدائد کو دیکھنا چاہئے۔اسی دوران ٹھاکرے بھی بول گئے کہ آپ تو جانتے ہی ہیں کہ چوکیدار بھی آج کل چوری میں شامل ہے ۔ٹھاکر ے نے کہا کہ بی جے پی نے مسجد توڑکر اقتدار حاصل کر لیا؛لیکن آگے اب کچھ نہیں ہو رہا ہے ۔